گجرات :آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ LA-38/5 میں کل پولنگ، 50 ہزار سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے


گجرات (رپورٹ: خالد ہنجرا\جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ LA-38/5 کے ضمنی انتخاب کے لیے کل پولنگ ہوگی، جہاں 50 ہزار 225 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
الیکشن کے لیے گجرات، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین پر مشتمل تین اضلاع میں مجموعی طور پر 115 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 77 پولنگ اسٹیشن ضلع گجرات میں واقع ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ عملے کو بیلٹ بکس اور دیگر انتخابی سامان فراہم کر دیا ہے، جبکہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے گجرات پولیس کے 2,200 اہلکار سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے ساتھ مل کر انتخابی عمل کے انعقاد میں معاونت کریں گے۔
اس حلقے سے 11 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سابق وزیر اکبر ابراہیم، ذیشان یونس (مسلم لیگ ن)، راجہ شاہد اقبال (پاکستان پیپلز پارٹی)، خالد محمود گجر (آزاد امیدوار) سمیت دیگر امیدوار شامل ہیں۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔