سورج کی موت: سندھ ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس کا نوٹس، ایس ایس پی تھرپارکر سے رپورٹ طلب

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) حکومتِ سندھ کے ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس نے 22 جولائی 2026 کو ایس ایس پی تھرپارکر کو "انتہائی ضروری” مراسلہ جاری کرتے ہوئے مٹھی کے 18 سالہ نوجوان سورج ولد بھومجی کی موت کے معاملے میں شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے کے مطابق، ٹھنڈا کالونی، نیو بائی پاس مٹھی کے رہائشی شیو لال ولد بھورو کی جانب سے دائر کردہ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اس کا 18 سالہ کزن سورج روزگار کی غرض سے کراچی گیا تھا، جہاں وہ راجا جنرل اسٹور پر ملازمت کرتا تھا۔ شکایت کے مطابق 29 جون 2026 کو سورج نے خودکشی کر لی۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نوجوان کو ونود کمار ولد جیسو مل دھرمانی کی جانب سے واٹس ایپ کے ذریعے مسلسل دھمکیاں دی جاتی رہیں، اسے ہراساں کیا جاتا رہا اور مجرمانہ انداز میں خوفزدہ کیا جاتا رہا، جس کے باعث وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوا۔ شکایت میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص بلیک میلنگ، منشیات کے کاروبار اور نابالغوں کے استحصال جیسی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس نے ایس ایس پی تھرپارکر کو ہدایت کی ہے کہ قانون کے مطابق ضروری کارروائی کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ جلد از جلد محکمۂ انسانی حقوق کو ارسال کی جائے تاکہ اسے وزیراعلیٰ سندھ کے انسانی حقوق سے متعلق خصوصی معاون کے سامنے پیش کیا جا سکے۔



