پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شہریوں کا شدید احتجاج، قیمتیں فوری کم کرنے کا مطالبہ


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، عوام نے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے روزمرہ زندگی کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، گاڑی اور موٹر سائیکل چلانا تو درکنار، گھر سے نکلنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔
ان کے مطابق پیٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جبکہ آمدن اور تنخواہوں میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول کی نئی قیمت سامنے آنے سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہورہا ہے۔
شہریوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہا ہے، جس کے اثرات ٹرانسپورٹ سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔