روزانہ ایک منٹ پلینک، بلڈ پریشر قابو میں رکھنے میں مددگار قرار

لاہور (ویب ڈیسک) بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے کے لیے عموماً واک، دوڑ اور دیگر جسمانی ورزشوں کا مشورہ دیا جاتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق ایک سادہ ورزش بھی بلڈ پریشر کو بہتر رکھنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق روزانہ صرف ایک منٹ تک پلینک (Plank) کرنے سے وقت کے ساتھ بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس ورزش کے لیے کسی خاص آلات کی ضرورت نہیں ہوتی اور اسے گھر پر بھی آسانی سے کیا جاسکتا ہے۔

پلینک کے دوران جسم کو حرکت دیے بغیر ایک مخصوص پوزیشن میں برقرار رکھا جاتا ہے، جس سے پیٹ، کندھوں، کمر اور کولہوں کے پٹھے بیک وقت متحرک رہتے ہیں۔

پلینک کو آئسومیٹرک ایکسرسائز کہا جاتا ہے، جس میں پٹھوں پر دباؤ برقرار رہتا ہے لیکن جوڑوں اور جسم میں نمایاں حرکت نہیں ہوتی۔

طبی تحقیقات کے مطابق آئسومیٹرک ورزشیں بلڈ پریشر میں کمی کے حوالے سے مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔ ورزش کے دوران پٹھوں میں پیدا ہونے والا تناؤ ختم ہونے کے بعد خون کی نالیوں کے نظام میں بہتری آتی ہے، جس کے نتیجے میں وقت کے ساتھ آرام کی حالت میں بلڈ پریشر کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

تاہم ہائی بلڈ پریشر کے مریض ورزش کا آغاز اپنی جسمانی حالت کے مطابق کریں اور کسی بھی نئی ورزش کو معمول کا حصہ بنانے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button