پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا، جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 7 سے 11 ستمبر کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 29.95 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ صرف پانچ روز میں ڈیزل 25.27 روپے فی لٹر مہنگا ہوا اور اس کی قیمت 400 روپے فی لٹر سے تجاوز کرگئی۔
درخواست گزار کے مطابق پاکستان میں ڈیزل کی قیمت بنگلہ دیش کے مقابلے میں تقریباً 140 روپے جبکہ بھارت کے مقابلے میں 122 روپے فی لٹر زیادہ ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا سب سے زیادہ بوجھ تنخواہ دار اور کم آمدن والے طبقے پر پڑ رہا ہے، جس سے عوام کے لیے معاشی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔
جوڈیشل ایکٹو ازم پینل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پیٹرولیم لیوی، ٹیکس، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلر مارجن کا ریکارڈ طلب کیا جائے۔ درخواست میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی عدالت کے سامنے پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔



