نائن الیون حملے ان عناصر نے کیے جنہیں امریکا نے خود مسلح اور منظم کیا تھا، اسماعیل بقائی

تہران (ویب ڈیسک) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے نائن الیون حملوں سے متعلق امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے ان عناصر نے کیے جنہیں امریکا نے خود مسلح اور منظم کیا تھا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی وزیر جنگ کا بیان بنیادی تضادات سے بھرپور ہے۔ جارحیت اور بزدلانہ قتل میں ملوث افراد کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے ممالک کے اقدامات کے جائز یا ناجائز ہونے پر سوال اٹھائیں۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ جن عناصر کو امریکا نے مسلح اور منظم کیا، وہی نائن الیون کے واقعات کا سبب بنے۔ ان کے مطابق نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر افغانستان اور عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نائن الیون کو ایران کے خلاف جنگ کے جواز کے طور پر پیش کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ امریکا ایرانی حکام، شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے زور دیا کہ ایران کے خلاف جنگ غیر قانونی ہے اور اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کسی بھی ملک کو عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا جواز فراہم نہیں کرتا۔



