سعودی وزیر خارجہ کے ترکیہ اور قطر کے وزرائے خارجہ سے اہم رابطے

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ترکیہ اور قطر کے اعلیٰ حکام سے ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں خطے کی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اور ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کے درمیان گفتگو میں علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیصل بن فرحان نے قطری وزیراعظم سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس کے دوران علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطری وزیراعظم نے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے حملے کی مذمت کی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب پر ڈرون حملوں کے بعد عراق کے وزیراعظم علی فالح الزیدی نے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر کو عہدے سے برطرف کردیا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر عراق کی جانب سے ڈرون حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ سعودی حکام نے بتایا کہ عراقی وزیراعظم کی درخواست پر فی الحال حملوں کا جوابی اقدام نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خطے میں حالیہ واقعات کے بعد سعودی عرب، ترکیہ اور قطر کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں میں تیزی آئی ہے، جبکہ علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔



