بنگلہ دیش میں مشق کے دوران چینی ساختہ ٹینک میں دھماکا، 2 فوجی ہلاک

ڈھاکہ (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش میں فوجی مشق کے دوران چینی ساختہ ٹینک اچانک دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ ایک افسر شدید زخمی ہوگیا۔
بنگلہ دیشی وزارت دفاع کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثہ 9 ستمبر کو چٹگرام کی فیلڈ فائرنگ رینج میں لائیو فائر ٹریننگ کے دوران پیش آیا۔ فوجی اہلکار تربیتی مشق میں مصروف تھے کہ چینی ساختہ ٹائپ 59 مین بیٹل ٹینک کی اپ گریڈ شدہ قسم میں اچانک دھماکا ہوگیا۔
دھماکے کے نتیجے میں ٹینک میں موجود عملے کے ارکان ہوا میں اچھل گئے۔ حادثے میں بنگلہ دیشی فوج کے 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک افسر شدید زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ڈھاکہ کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد چینی ساختہ فوجی سازوسامان کے معیار اور ٹینک کی تکنیکی حالت سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔
حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات اور ٹینک میں ممکنہ تکنیکی خرابی کا تعین کیا جاسکے۔



