بلاول بھٹو پبلک لائبریری مٹھی کے طلبہ کا سہولیات کی بہتری اور اوقاتِ کار میں توسیع کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) بلاول بھٹو پبلک لائبریری مٹھی کے طلبہ نے لائبریری میں موجود سہولیات کی بہتری اور اوقاتِ کار میں توسیع کے مطالبے کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی مٹھی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملاّنی سے ملاقات کے لیے ان کے دفتر کا رخ کیا، تاہم چیئرمین کی حیدرآباد میں سرکاری مصروفیات کے باعث ملاقات نہ ہو سکی۔ طلبہ نے میونسپل کمیٹی مٹھی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملاّنی، اسسٹنٹ کمشنر مٹھی اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سے مطالبہ کیا کہ لائبریری کے اوقاتِ کار صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک کیے جائیں، خراب پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز کی فوری مرمت کرائی جائے، عملے کی باقاعدہ حاضری کو یقینی بنایا جائے، جبکہ لائبریری میں موجود کتابوں کی مناسب ترتیب، صفائی اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ مطالعے کے لیے سازگار، پُرسکون اور بہتر ماحول ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے۔ لہٰذا ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے لائبریری کی سہولیات میں بہتری لائی جائے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔



