بوریوالا،نجکاری کیخلاف میپکو ملازمین کا احتجاج،دفاتر کی تالہ بندی،کام مکمل طور پربند

بورےوالا(جانوڈاٹ پی کے)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کی مرکزی قیادت کی ہدایات پر میپکو ڈویژن بورےوالا میں نجکاری کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت فخر سرکل وہاڑی حاجی شاہد باری چوہان (زونل چیئرمین سرکل وہاڑی) کی نگرانی میں کی گئی۔
احتجاج کے دوران ملازمین نے نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور "نامنظور، نامنظور، نجکاری نامنظور” کے نعرے بلند کیے۔ مظاہرین نے احتجاجاً دفاتر کی تالہ بندی کی، کام چھوڑ ہڑتال کی اور حکومت سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی، مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد اور ریجنل چیئرمین چوہدری غلام رسول گجر کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری سے نہ صرف ہزاروں ملازمین کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا بلکہ صارفین کو بھی بہتر سہولیات کی فراہمی متاثر ہوگی۔
احتجاج میں ڈویژنل و سب ڈویژنل عہدیداران، یونین کارکنان، ممبران اور میپکو کے مختلف شعبہ جات کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے تحفظ، ادارے کے استحکام اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



