عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر ایف آئی اے ایس ایچ او معطل، لاہور ہائیکورٹ کا سخت حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کے ایک ایس ایچ او کو آئندہ سماعت تک معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جسٹس امجد رفیق نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے 6 ہزار امریکی ڈالر ہتھیانے کے الزام میں ملوث ملزم شاہد حامد کی درخواست ضمانت پر تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کے لیے ایک سینئر افسر مقرر کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ گزشتہ سماعت کے دوران ایف آئی اے کے افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم کے خلاف مجرمانہ نوعیت کی واٹس ایپ چیٹس موجود ہیں، تاہم عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ میں شریک ملزم کی ایک متاثرہ شخص سے ہونے والی چیٹ تو پیش کی گئی، لیکن موجودہ درخواست گزار کے خلاف کوئی واٹس ایپ چیٹ پیش نہیں کی جا سکی۔

عدالت نے اس کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متعلقہ ایف آئی اے ایس ایچ او کو آئندہ سماعت تک معطل رکھنے کا حکم جاری کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج ہے، جس میں الزام ہے کہ اس نے ایک شہری کو تھائی لینڈ کے ورک پرمٹ ویزے کا جھانسہ دے کر 6 ہزار امریکی ڈالر وصول کیے۔

عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں غفلت ناقابل قبول ہے اور متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریاں قانون کے مطابق ادا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button