ایران کی امریکا کو سخت وارننگ، حملہ ہوا تو خطے میں امریکی تنصیبات تباہ کر دیں گے

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں موجود اہم امریکی تنصیبات کو تباہ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کا اہم انفراسٹرکچر بھی ایرانی مسلح افواج کے نشانے پر ہوگا اور اسے اس طرح تباہ کیا جائے گا جیسے وہ کبھی موجود ہی نہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا اور کسی صورت امریکا کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ آبنائے ہرمز ایران کی ناقابلِ عبور سرخ لکیر ہے۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے خبردار کیا کہ اگر امریکی فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو جنگ نئے محاذوں تک پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ابھی اپنی تمام عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا اور مزید جارحیت کی صورت میں ایران کا ردعمل دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔
محمد اکرمینیا نے مزید کہا کہ ایران کا اپنے ہمسایہ ممالک یا خطے کی اسلامی ریاستوں سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں اور تہران ہمیشہ علاقائی تعاون اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کا حامی رہا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی مسلح افواج کی اولین ذمہ داری ملک کی سلامتی، قومی مفادات اور وقار کا دفاع ہے، جبکہ خطے سے باہر کے ممالک ایران کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کریں۔



