جیرڈ کشنر، سٹیو وٹکوف مذاکرات میں مالی فائدے اٹھاتے رہے، جے ڈی وینس کو خفیہ پیغام موصول

تہران(ویب ڈیسک) ڈراپ سائٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک ایرانی عہدیدار نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو مذاکرات سے متعلق ایک خفیہ پیغام بھیجا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف مبینہ طور پر مذاکراتی عمل کو مالی فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیغام جون میں سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایک ثالث کے ذریعے جے ڈی وینس تک پہنچایا گیا۔ ایرانی حکام نے مبینہ طور پر خبردار کیا کہ مذاکرات میں کشنر اور وٹکوف کی موجودگی 17 جون کے فریم ورک کو مستقل معاہدے میں تبدیل کرنے کے امکانات کو متاثر کر سکتی ہے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ایرانی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ تہران کو خدشہ تھا کہ دونوں شخصیات مذاکرات سے حاصل ہونے والی اندرونی معلومات کو مالیاتی منڈیوں میں فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایرانی مذاکرات کاروں نے یہ تشویش بھی ظاہر کی کہ جیرڈ کشنر مبینہ طور پر مذاکرات سے متعلق معلومات اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو تک پہنچا رہے تھے، تاہم ایک امریکی عہدیدار نے ان الزامات کی تردید کی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان انا کیلی نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی پیغام امریکی حکام تک نہیں پہنچا۔ ان کے مطابق رپورٹ ایران کے مؤقف کی عکاسی کرتی ہے اور اس میں کیے گئے دعوے بے بنیاد ہیں۔



