پاکستان کا سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کا اعادہ، سلامتی و خودمختاری کے لیے مکمل حمایت کا اعلان

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ (یمن) کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
عثمان جدون کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کا راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
پاکستان کے نائب مستقل مندوب نے مزید کہا کہ یمن میں پائیدار امن صرف ایک جامع سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف میزائل فائر کیے گئے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
یاد رہے کہ یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ پر فضائی حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس کارروائی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔



