پنجاب میں 3 بڑے طبی منصوبے تکمیل کے قریب، مریم نواز نے افتتاحی تاریخوں کی منظوری دے دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے اہم اجلاس میں صوبے کے تین بڑے طبی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور اس کا افتتاح 15 جولائی کو متوقع ہے۔ اسی طرح نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ 31 جولائی جبکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور 15 اگست کو افتتاح کے لیے تیار ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ سی ایم چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 13 ہزار 550 بچوں کے دل کے مفت آپریشن مکمل کیے گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ 7 لاکھ 28 ہزار مریضوں کو ان کی دہلیز پر مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، جس سے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی میں نمایاں آسانی ہوئی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام (DDLP) کی بھی منظوری دی، جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹرز کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مختصر مدت کے لیے خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں جدید طبی سہولیات اور بہترین انسانی وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور عوام کو معیاری صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ان کا مشن ہے۔

مزید خبریں

Back to top button