ڈیپلو اسپتال شہر سے باہر اسلام کوٹ روڈ پر تعمیر کیا جائے، عوامی مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈیپلو میں مجوزہ نئے اسپتال کی تعمیر کے حوالے سے علاقے کے معزز شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال کو شہر کے اندر تعمیر کرنے کے بجائے کھڈی سے باہر اسلام کوٹ روڈ پر تعمیر کیا جائے تاکہ گرد و نواح کے دیہاتوں اور غریب عوام کو بہتر اور آسان طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

اس موقع پر محمد عیسیٰ راہمون، حاجی ابراہیم لنڈ، عبدالغنی پسایو، حاجی قاسم سومرو اور عبدالحفیظ سومرو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسپتال کی جگہ کا تعین عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسپتال اسلام کوٹ روڈ پر شہر سے باہر تعمیر کیا جاتا ہے تو نہ صرف ڈیپلو شہر بلکہ آس پاس کے متعدد دیہاتوں کے لوگ بھی آسانی سے علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت جیسی بنیادی سہولت کے بارے میں فیصلے چند مفاد پرست افراد کی خواہشات کے مطابق نہیں بلکہ عوام کی ضروریات کو سامنے رکھ کر کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب اور مستحق افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس لیے اسپتال کی تعمیر کے منصوبے میں عوامی رائے کو اہمیت دی جائے۔

علاقے کے رہنماؤں نے حکومت سندھ، محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اسپتال کی جگہ کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے سے قبل عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے اور ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے جہاں سے عام لوگ زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غریب اور مستحق عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے اور اسپتال کو اسلام کوٹ روڈ پر تعمیر کر کے علاقے کے ہزاروں رہائشیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button