غزہ جنگ بندی کیلئے قاہرہ میں مذاکرات کا نیا دور، مصر متحرک کردار ادا کرنے لگا

قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو آگے بڑھانے اور تعطل کا شکار مذاکراتی عمل کو بحال کرنے کے لیے مصر کی میزبانی میں قاہرہ میں مذاکرات کا نیا دور شروع ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق قاہرہ میں حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں کے درمیان اہم مشاورت جاری ہے۔ مصر گزشتہ دو ماہ کے دوران غزہ بحران سے متعلق مذاکرات کے پانچ ادوار کی میزبانی کر چکا ہے، جن کا مقصد اسرائیل اور فلسطینی فریقوں کے درمیان قابلِ عمل سیاسی حل تلاش کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ مذاکرات میں جنگ بندی معاہدے کے مختلف مراحل پر عملدرآمد، اسرائیلی افواج کے انخلا اور حماس کو غیر مسلح کرنے جیسے اہم نکات زیر بحث ہیں۔ کئی ماہ سے تعطل کا شکار امن عمل کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے اعلانات کے باوجود غزہ میں فوجی کارروائیاں اور حملے جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں حماس سے وابستہ افراد کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
ادھر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ فلسطینی زمینوں پر قبضوں اور Al-Aqsa Mosque سے متعلق تنازعات بھی بدستور علاقائی صورتحال کو پیچیدہ بنائے ہوئے ہیں۔



