بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 72 پیسے اضافہ متوقع


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بجلی صارفین پر ایک اور مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، جہاں فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 72 پیسے اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) کی جانب سے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست نیپرا میں پیش کی جائے گی، جس پر آج سماعت ہوگی۔
مجوزہ اضافے کی منظوری کی صورت میں اس کا اطلاق ملک بھر کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (DISCOs) سمیت کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا، جس سے بجلی کے بل مزید مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اضافہ فیول لاگت میں اتار چڑھاؤ اور پیداواری اخراجات میں اضافے کے باعث تجویز کیا گیا ہے۔
نیپرا سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا کہ یہ اضافہ منظور کیا جائے یا نہیں، تاہم ممکنہ اضافے نے پہلے ہی صارفین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔