اڈیالہ جیل کے اطراف ریڈ زون نافذ، سکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس کی بھاری نفری تعینات


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے گرد و نواح کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے دیا، جبکہ سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 9 تھانوں کی پولیس، 4 ڈی ایس پیز، ایس ایس پی، ایس پی صدر اور سی پی او راولپنڈی کو سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کر دیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
جیل کے باہر واٹر کینن بھی کھڑی کر دی گئی ہے، جبکہ انتظامیہ نے اڈیالہ جیل کے اطراف دکانیں، ہوٹل، تندور اور پٹرول پمپس بند کروانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا دن ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے بھی جیل پہنچنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔