ٹنڈوباگو میں سفاک واردات، بکری چھیننے کے دوران کمسن بچہ کلہاڑی کے وار سے زخمی

ٹنڈوباگو(رپورٹ۔ /جانو ڈاٹ پی کے) ٹنڈوباگو کے نواحی گاؤں خان محمد ہنگورجو میں انسانیت سوز واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے بکری چھیننے کی خاطر زرعی زمین پر بکریاں چرا رہے کمسن بچے آصف ولد رمضان ہنگورجو پر مبینہ طور پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ملزمان زخمی بچے کو بے یار و مددگار چھوڑ کر اس کی بکری چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔ زخمی بچے کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی افراد نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معمولی مزاحمت پر ایک کمسن بچے پر جان لیوا حملہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی عکاسی کرتا ہے۔ متاثرہ خاندان نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، چھینی گئی بکری برآمد کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ خبر ارسال کیے جانے تک پولیس کی جانب سے واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔



