منبر و محراب سے امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جائے،احمد سلیم چشتی

اوکاڑہ( رپو ٹ وحیدآرائیں جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر جنرل احمدسلیم چشتی کی زیرِ صدارت باہمی ربط و رابطہ کے فروغ اور محبت و یگانگت کے پرچار کے لیے سیمینار کا انعقاد، سیمینار میں ضلع بھر سے جید علماء کرام، مشائخ عظام اور آئمہ مساجد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور باہمی ربط و رابطہ کی پالیسی پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منبر و محراب کا معاشرتی اصلاح اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں ہمیشہ سے ایک تاریخی کردار رہا ہے، اور موجودہ حالات میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ احمد سلیم چشتی نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسے پرامن معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے۔ ضلعی انتظامیہ علماء کرام کے ساتھ مل کر باہمی مشاورت اور رابطے کی پالیسی کو مزید مضبوط کرے گی تاکہ کسی بھی شر پسند عنصر کو امنِ عامہ کو نقصان پہنچانے کا موقع نہ ملے۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منبر و محراب کے ذریعے امن، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ملک و قوم کی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی گئی



