میرواہ کینال میں پانی کی قلت کے خلاف کسانوں کا شدید احتجاج، "پانی نہیں تو کربلا” کے نعرے

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)تلہار کے میرواہ کینال میں زرعی پانی کی شدید قلت کے خلاف آبادگاروں نے حیدرآباد۔بدین مرکزی شاہراہ پر میرواہ موری کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی، جس کے باعث حیدرآباد، بدین، مٹھی اور دیگر شہروں کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں احتجاج کے دوران مظاہرین نے "پانی نہیں تو کربلا، کربلا” کے نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر آبادگار رہنماؤں شہزاد گاڈاہی، محمد بخش لغاری، امیر حیدر خواجہ، امداد لاشاری اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہر سال دھان کی کاشت کا سیزن شروع ہوتے ہی محکمہ آبپاشی کے افسران میرواہ کینال اور اس سے نکلنے والی راج واہ، مورجھر اور آر ڈی 17 سمیت مختلف نہروں اور شاخوں میں مصنوعی طور پر پانی کی قلت پیدا کر دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں دھان کی کاشت بری طرح متاثر ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ نہروں کے ٹیل کے علاقوں میں اب تک دھان کی نرسری بھی نہیں لگائی جا سکی، جبکہ کاشتکار بھاری قرض لے کر بیج اور کھاد خرید چکے ہیں۔ پانی نہ ملنے کے باعث بویا گیا بیج بھی سوکھ کر تباہ ہو رہا ہے، جس سے کسان شدید مالی بحران کا شکار ہیں آ بادگاروں کا کہنا تھا کہ اگر بروقت پانی فراہم نہ کیا گیا تو کاشتکار قرضوں کے بوجھ تلے دب جائیں گے اور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک میرواہ کینال کو اس کے مقررہ حصے کے مطابق 11 فٹ گیج پانی فراہم نہیں کیا جاتا، اس وقت تک احتجاجی دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button