منتخب نمائندوں کی مبینہ بے رخی،ٹنڈوباگومسائل کاگڑھ بن گیا ، سڑکیں،پل،اسپتال اوراسکول توجہ کے منتظر

ٹنڈوباگو(رپورٹ: جانو ڈاٹ پی کے)ٹنڈوباگو اور اس کے نواحی علاقوں کے شہریوں اور سماجی حلقوں نے قومی و صوبائی اسمبلی کے منتخب نمائندوں کی مبینہ عدم توجہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کے بعد منتخب اراکین کا حلقے سے رابطہ نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے،جس کے باعث ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار جبکہ بنیادی شہری سہولتیں مسلسل زوال کا شکار ہیں۔شہریوں کے مطابق ٹنڈوباگو۔ڈگری روڈ کئی برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،جبکہ ٹنڈوباگو شہر کو جھڈو،پنگریو اور بدین سے ملانے والی مرکزی سڑک،جو شہر کے وسط سے گزرتی ہے،شدید خستہ حالی کے باعث ٹریفک کے لیے خطرناک بن چکی ہے لیکن اس کی تعمیر و بحالی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔اسی طرح ٹنڈوباگو۔بدین روڈ پر واقع وہنائی پل مکمل طور پر ناکارہ ہوچکا ہے اور کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے،تاہم اس کی تعمیر نو بھی تاحال شروع نہیں ہوسکی۔عوامی حلقوں نے نشاندہی کی کہ تعلقہ ٹنڈوباگو میں درجنوں سرکاری اسکولوں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار ہیں،جہاں طلبہ غیر محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ تعلقہ اسپتال ٹنڈوباگو کی عمارت انتہائی زبوں حالی کا شکار ہے،اگرچہ حکومت کی جانب سے اسپتال کی جدید طرز پر تعمیر نو کا اعلان کیا جاچکا ہے مگر تاحال منصوبے پر عملی کام شروع نہیں ہوسکا،جس کے باعث مریضوں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پینے کے صاف پانی،نکاسی آب،صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی مسائل بھی مسلسل سنگین ہوتے جارہے ہیں مگر منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث ان کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ پیش رفت نظر نہیں آرہی۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین فوری طور پر حلقے کا دورہ کرکے عوام سے براہ راست رابطہ بحال کریں،ٹنڈوباگو۔ڈگری روڈ،مرکزی شاہراہ،وہنائی پل،تعلقہ اسپتال کی جدید طرز پر تعمیر نو،خستہ حال اسکولوں کی بحالی اور دیگر بنیادی منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرایا جائے تاکہ عوام کو درپیش دیرینہ مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔

مزید خبریں

Back to top button