جنوبی وزیرستان میں فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر شہید،11سالہ طالب علم زخمی

جنوبی وزیرستان(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے ڈیرہ بازار میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ سے جنوبی وزیرستان اپر پولیس کے سب انسپکٹر نیاز محمد محسود شہید ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر پولیس کے سب انسپکٹر سابق ایس ایچ او سراروغہ نیاز گل محسود اپنی گاڑی میں ڈیرہ اسماعیل خان سے جنوبی وزیرستان جا رہے تھے کہ گاؤں ڈبرہ بازار کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر سب انسپکٹر نیاز گل موقع پر شہید ہو گئے۔
فائرنگ مسے 11 سالہ راہ گیر اسکول طالب علم حسن زخمی ہو گیا، لاش اور زخمی کو سول ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا جبکہ شہید سب انسپکٹر نیاز گل کا جسد خاکی پولیس لائنز سراروغہ جنوبی وزیرستان منتقل کر دیا گیا، جہاں سرکاری اعزاز کیساتھ ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں ضلعی انتظامیہ سول و عسکری حکام سمیت پولیس جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی شہید کی میت کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں بعد ازاں آبائی قبرستان سراروغہ میں سرکاری اعزاز کیساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔



