معرکہ حق میں انٹیلی جنس اداروں نے بڑا اہم کردار ادا کیا، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں انٹیلی جنس اداروں کی بروقت اور درست معلومات کا بھی بڑا کردار تھا، معرکہ حق میں ملنے والی ایڈوانس انفارمیشن نے فتح میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جنگ کے دوران انتہائی اہم اور بروقت معلومات فراہم کیں، جن کی بنیاد پر پیشگی تیاری ممکن ہوئی، یہ معلومات تقریباً مکمل طور پر درست ثابت ہوئیں، جس سے آپریشنز کے نتائج بہت بہتر آئے۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ڈرون حملوں نے بھی اہم کردار ادا کیا، دشمن نے مختلف چھوٹے اور درمیانے سائز کے ڈرونز کے ذریعے مختلف علاقوں میں حملے کرنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان نے مؤثر دفاعی حکمت عملی سے انہیں ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکمت عملی کا مقصد صرف دفاع تھا اور کسی بھی مرحلے پر شہری آبادی یا سویلین مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش نہیں کی گئی، پوری جنگ کے دوران پاکستان کی توجہ صرف اپنے دفاعی نظام، تنصیبات اور قومی سلامتی کے تحفظ پر رہی، اور تمام اداروں نے مل کر بہترین ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی قومی اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید دفاعی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہماری رینجرز جو بارڈر کے بالکل ساتھ ہوتی ہیں، انہوں نے کئی دنوں تک پاکستان میں داخل ہونے والے ڈرونز کو گرایا، آپ کے سامنے ہے کہ جن کے پاس اور کچھ نہیں تھا وہ اپنی گنز استعمال کر کے ڈرونز گراتے رہے، بہت کم تعداد ہے جو شہروں تک پہنچی، زیادہ تر ڈرونز جو تھے وہ ہماری رینجرز نے بارڈر پر ہی گرا دیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ بھارت نے ہماری تقریباً 100 کے قریب پوسٹوں پر اس وقت حملہ کیا تھا، اور اللہ کا شکر ہے کہ ان کو اسی طرح کا جواب ملا جس کے وہ مستحق تھے، آپ کے سامنے وہ تصویریں بھی موجود ہیں جن میں انہیں ایل او سی پر خود سفید جھنڈا لہرانا پڑا کہ اب بس کر دیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق سائبر اٹیک کی بھی انہوں نے کوشش کی کہ کہیں نہ کہیں کامیاب ہو جائیں، یہ وہ ساری چیزیں ہیں جو جنگوں میں نئے طریقوں سے استعمال ہوتی ہیں، جو عام جنگ سے بالکل مختلف ہیں، اللہ ٰ کا شکر ہے کہ سائبر حملوں میں وہ ہم تک پہنچ نہیں سکے،جو ہمارے نوجوانوں نے ان کے ساتھ کیا، وہ بہتر وہی بتا سکتے ہیں کیونکہ ان کا کوئی نظام ایسا نہیں تھا جو محفوظ رہ گیا ہو۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے اس معاملے کو بہترین انداز میں پیش کیا، جس پر میں سب سے زیادہ تعریف کروں گا کہ انہوں نے پورے ملک میں اتحاد اور ایک آواز پیدا کی، پاکستان میں اس سے پہلے ایسی مثال نہیں ملتی، دوسری طرف بھارتی میڈیا مسلسل کنفیوژن کا شکار رہا، اور آپ کو یاد ہوگا کہ انہوں نے خود ہی اپنے اوپر حملے کی خبریں پھیلا دیں، جبکہ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ ابھی ہم نے کوئی حملہ نہیں کیا، جب کریں گے تو بتا کر کریں گے، چھپ کر نہیں کریں گے۔



