ملکی زرمبادلہ ذخائر ہر ہفتے بڑھ رہے ہیں، بیرونی قرضہ 100ارب ڈالر پر برقرار ہے، گورنر سٹیٹ بینک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے \ ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر ہر ہفتے بڑھ رہے ہیں اور پاکستان کا بیرونی قرضہ 100ارب ڈالر پر برقرار ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کے اجلاس میں سٹیٹ بینک نے ملک کی معاشی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ 5 ارب ڈالرکی بیرونی ادائیگی کےباوجود زرمبادلہ ذخائر بہتر ہیں، رواں ماہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر ہر ہفتے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو فنڈز آجائیں گے جس کے بعد زرمبادلہ ذخائر 3 ماہ کی درآمدات کے مساوی ہوجائیں گے۔
جمیل احمد نے کہا کہ گزشتہ 3سال میں مارکیٹ سے 27 ارب ڈالر خریدے، یہ ڈالرز زرمبادلہ ذخائر مستحکم کرنے کے لیے خریدے گئے، درآمدات بڑھنے کے باوجود 9 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا۔
گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بیرونی قرضہ 100ارب ڈالر پر برقرار ہے، جون 2020میں بھی پاکستان کا بیرونی قرض سو ارب ڈالر ہی تھا۔
قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس میں پاکستان کے لیے اگلے اقتصادی جائزے کی منظوری کا امکان ہے۔



