پنجاب میں 15 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ، بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
بارش کی پیشگوئی والے علاقوں میں لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد شامل ہیں۔
سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، پاکپتن، خوشاب، لیہ، بھکر اور نورپور تھل میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں کے ساتھ راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں، آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
انہوں نے شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی۔



