حوثیوں کا سعودی عرب سے یمن میں فوجی مداخلت ختم کرنے کا مطالبہ

صنعا (ویب ڈیسک) یمن کے ایران نواز حوثی گروہ نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن میں فوجی کارروائیاں روکنے، مبینہ ناکہ بندی ختم کرنے اور تمام غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنے کا ’’جرأت مندانہ اور دانشمندانہ‘‘ فیصلہ کرے۔

حوثیوں کی جانب سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گروپ نے ایک روز قبل سعودی مفادات پر مزید حملے کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

حوثیوں کے زیر انتظام صبا نیوز ایجنسی کے مطابق گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے یمن میں فوجی مداخلت ختم کرنے کے فیصلے کی کوئی قیمت ادا نہیں کرنا پڑے گی، بلکہ اس کے دونوں ممالک کے لیے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ یمن میں فوجی مداخلت جاری رکھنے کے بجائے امن کا راستہ اختیار کرے۔ حوثیوں کا دعویٰ ہے کہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی یمن میں مداخلت کے باعث سعودی عرب پہلے ہی نقصان اٹھا چکا ہے۔

حوثی گروپ نے خبردار کیا کہ مستقبل میں سعودی عرب کو ہونے والے نقصانات اس سے کہیں زیادہ ہوسکتے ہیں۔

اس بیان سے ایک روز قبل حوثی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یمن کے حکومتی کنٹرول والے علاقوں میں ایک سعودی فوجی جہاز اور سعودی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ واقعات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حصہ ہیں۔ حوثی گروپ نے جولائی میں بحیرۂ احمر میں سعودی بحری جہازوں کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان بھی کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button