سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، متعدد گرفتار

پشاور(جانوڈاٹ پی کے ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 21 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔، جن میں غیر ملکی اور افغان باشندے بھی شامل ہیں۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق کارروائیاں کرک اور خیبر کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جن کا مقصد اہم دہشتگرد نیٹ ورکس کو نشانہ بنانا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران دہشتگردی کی فنڈنگ، مالی ذرائع، ٹھکانے اور ٹارگٹ سلیکشن کے طریقہ کار سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں، جبکہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے فنڈنگ کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
سی پی او کے مطابق کالعدم تنظیموں کے سلیپر سیلز اور غیر ملکی جنگجوؤں کے نیٹ ورکس کا سراغ لگایا گیا ہے، جبکہ دہشتگردی کے واقعات میں منظم نیٹ ورک کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ بعض بڑے واقعات جیسے پولیس لائنز حملہ اور مدرسہ حقانیہ دھماکے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی، جبکہ بعض دعوے بعد میں غلط ثابت ہوئے۔
حکام کے مطابق سرحد پار روابط اور دشوار جغرافیائی صورتحال تفتیش میں چیلنج ہیں، تاہم انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔



