مریم نواز کا’کچہ’ پیکج،عمران خان کیخلاف مبینہ سازش کا’سیزن4′

لاہور(خصوصی تجزیہ /جانو ڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری اپنا پانچ روزہ سرکاری دورہ چین مکمل کر کے پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دورے کے دوران مخالفین کی جانب سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا، تاہم چینی حکام کی جانب سے ملنے والے بھرپور پروٹوکول اور ‘ہنگور کلاس’ آبدوز کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت نے تمام افواہوں کو دم توڑ دیا۔ صدر زرداری نے اس دورے میں سی پیک فیز ٹو، صنعتی ترقی اور کراچی کے لیے سمندری پانی کو میٹھا بنانے (Desalination) جیسے اہم منصوبوں پر ایم او یوز (MoUs) سائن کیے ہیں۔
تحریک انصاف (PTI) کی قیادت اور عمران خان کے اہلخانہ کی جانب سے ایک بار پھر خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم کی زندگی کو خطرہ ہے۔علیمہ خان اور دیگر بہنوں کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کو زہر دیا گیا ہے جس سے ان کی آنکھ متاثر ہوئی ہے۔ یہ عمران خان کے قتل کی مبینہ سازش کا ‘سیزن 4’ ہے، جس کا مقصد کارکنوں کو جذباتی رکھنا اور عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیل میں خان صاحب کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب محمود خان اچکزئی نے بھی لاہور میں خبردار کیا کہ عمران خان کو ہمیشہ کے لیے سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی پنجاب کے کچہ کے علاقے کے لیے 23 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکج کے تحت ڈاکوؤں سے پاک کرائے گئے علاقوں میں 14 ہزار ایکڑ زمین مقامی افراد کو زراعت کے لیے دی جائے گی، جبکہ سڑکیں، اسکول اور ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق ایم پی اے ممتاز چانگ، جو ماضی میں پولیس اور انتظامیہ پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں، انہوں نے مریم نواز کے اس اقدام کی بھرپور حمایت کی ہے اور اسے علاقے میں امن و ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔




