تھر میں آگ کے واقعات پر قابو پانے کیلئے“کھیکڑا” گاڑیوں کو فائر فائٹر بنانے کا فیصلہ
قاسم سومرو کی تجویز پر سندھ حکومت کا اہم اقدام، 64 یونین کونسلوں میں 4x4 گاڑیاں فائر یونٹس میں تبدیل ہوں گی

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے) تھرپارکر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور آگ لگنے کے واقعات کے پیش نظر سندھ حکومت نے مقامی سطح پر ایک نیا اور مؤثر حل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم پی اے قاسم سومرو کی تجویز پر لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ نے ضلع کی تمام 64 یونین کونسلوں میں 4×4 “کھیکڑا” گاڑیوں کو فائر فائٹر یونٹس میں تبدیل کرنے کا باقاعدہ حکم جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ان گاڑیوں پر پانی کے بڑے ٹینک، پریشر پمپ اور آگ بجھانے کے لیے خصوصی پائپ نصب کیے جائیں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر آگ پر قابو پایا جا سکے۔
واضح رہے کہ تھرپارکر میں اپریل سے جون کے دوران درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث آگ لگنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جس سے انسانی جانوں اور مال مویشیوں کو شدید نقصان پہنچتا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ یہ فائر فائٹر یونٹس ان مقامات پر تعینات کیے جائیں جہاں ٹیوب ویل یا سمر پمپ موجود ہوں تاکہ پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ اس منصوبے کے تمام اخراجات یونین کونسلز کے دستیاب فنڈز سے پورے کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ تھرپارکر کے مطابق ہر تحصیل کا اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے فوکل پرسن ہوگا اور اس کی نگرانی بھی کرے گا۔



