تھرپارکر میں انسداد پولیو مہم کی تیاری مکمل، 1 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیریانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی تھرپارکر عبداللہ میمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپناتے ہوئے اور باہمی رابطہ مضبوط رکھتے ہوئے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی کاز ہے، جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے مختلف این جی اوز کے نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اس موقع پر محکمہ صحت کی پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر بھرت کمار سونی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع تھرپارکر میں پولیو مہم 18 مئی سے شروع ہو کر 21 مئی 2026 تک جاری رہے گی۔ ضلع کی 25 یونین کونسلز میں پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 10 ہزار 483 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 460 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 431 موبائل ٹیمیں، 15 فکسڈ ٹیمیں جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں اور رش والے مقامات پر 15 ٹیمیں تعینات ہوں گی۔ مہم کی نگرانی کے لیے 101 ایریا انچارج مقرر کیے گئے ہیں، جو سو فیصد کوریج کو یقینی بنائیں گے۔



