پی ایف یو جے ( ورکرز ) کی جانب سے ٹھٹھہ کے صحافی سارنگ چانڈیو پر قاتلانا حملے کی مذمت

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )پی ایف یو جے ( ورکرز ) مرکز کی جانب سے ٹھٹھہ کے صحافی سارنگ چانڈیو پر قاتلانا حملے کی مذمت۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سینئر نائب صدر ناصر شیخ ، ایگزیکٹو کونسل کے ممبران عبداللہ سروہی، عمران پاٹولی اوربلال قریشی ، ٹھٹھہ یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر جاوید لطیف ، جنرل سیکریٹری اشرف میمن ، بدین یونین آف جرنلسٹس(ورکرز) کے صدر مرتضیٰ میمن ، جنرل سیکریٹری ناصر بٹ و دیگر نے ٹھٹھہ کے سینئر صحافی سارنگ چانڈیو کے گھر پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ، سیکریٹری اطلاعات ، آئی جی سندھ ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طورپر گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دی جائے اور صحافی سارنگ چانڈیو اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ٹی وی کے ڈسٹرکٹ رپورٹر سارنگ چانڈیو نے منشیات فروشوں کیخلاف خبریں چلائی تو ان کے گھر پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کا مقصد انہیں اور ان کیے اہل خانہ کو نقصان پہنچانا تھا ، تاہم وہ معجزانہ طورپر بچ گئے ، انہوں نے کہاکہ سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں سمیت ملک بھر میں جس طرح صحافیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہ حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، خاص طورپر جرائم پیشہ افراد اب بے لگام ہوچکے ہیں وہ براہ راست دہشت گردی پر اتر آئے ہیں جبکہ پولیس اور انتظامیہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔



