تھرپارکر: سول اسپتال مٹھی کے گٹر سے نومولود بچے کی لاش برآمد، انتظامیہ کیخلاف شدید ردعمل

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) ضلع تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر شہر مٹھی میں قائم سول اسپتال سے انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں اسپتال کے گٹر سے ایک نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ واقعے کے بعد شہریوں میں شدید دکھ اور غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد کے مطابق سول اسپتال جیسے اہم ادارے میں اس نوعیت کا واقعہ انتظامی نااہلی، غفلت اور نگرانی کے فقدان کا واضح ثبوت ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر علاج گاہ میں بھی انسانی جان محفوظ نہیں تو پھر عام لوگ کہاں جائیں؟ واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ عملے کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کروا کر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال میں صفائی، سیکیورٹی اور نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ دوسری جانب لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور بے چینی پھیل گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔



