ماتلی میں بیوہ کا زمین پر قبضے کا الزام، انصاف کی اپیل

ماتلی( رپورٹ ایم آر گدی/جانوڈاٹ پی کے) پولیس اہلکار غلام مصطفیٰ چھلگری مرحوم کی بیوہ سیدہ صوبیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے دیور ذاکر چلگری اور اختر چلگری نے مرحوم شوہر کی زرعی زمین پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے اور انہیں ان کے شرعی و قانونی حق سے محروم کیا جا رہا ہے، انہوں نے یہ بات ماتلی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی اور کہا کہ ان کے مرحوم شوہر کی زمین مختیارکار ریونیو ماتلی کے ریکارڈ میں انہی کے نام پر درج ہے لیکن اس کے باوجود ان کے دیور قبضہ چھوڑنے کو تیار نہیں، سیدہ صوبیہ نے بتایا کہ وہ اس وقت اپنے چھ سالہ بیٹے غلام مجتبیٰ چلگری کے ہمراہ شدید مالی مشکلات اور مہنگائی کے باعث کرائے کے مکان میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، انہوں نے ڈپٹی کمشنر بدین اور اسسٹنٹ کمشنر ماتلی سے اپیل کی کہ انہیں فوری انصاف فراہم کیا جائے اور گاؤں مراد چھلگری میں واقع ان کے شوہر کی جائیداد اور مکان سے ان کا شرعی حصہ دلوایا جائے، سیدہ صوبیہ نے دوران گفتگو کہا کہ اگر انہیں ان کا شرعی حق نہ ملا تو وہ مجبوری کے تحت اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے پر بھی مجبور ہو سکتی ہیں اور انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور انہیں تحفظ و انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔



