لاڑکانہ بورڈ کا بڑااقدام: گیارہویں جماعت کے انگلش پرچے میں غلطیوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ تعلیمی بورڈ نے حال ہی میں لیے گئے گیارہویں جماعت کے انگلش کے سوالیہ پرچے میں سامنے آنے والی غلطیوں کی جانچ کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے.
کنٹرولر امتحانات پروفیسر عبدالجبار جونیجو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کمیٹی ریجنل ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، کمیٹی کے اراکین میں ڈوکری کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ذوالفقار علی تنیو اور گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ کے شعبہ انگلش کے سربراہ پروفیسر امید علی سامٹیو شامل ہیں، کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ معاملے کا جائزہ لے کر ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ اور سفارشات پیش کرے، واضح رہے کہ ڈگری بوائز کالج لاڑکانہ کے پرنسپل عبدالوحید چانڈیو نے پہلے ہی ایک ویڈیو بیان میں بورڈ کے انگلش کے سوالیہ پرچے میں 5 اہم غلطیوں کی نشاندہی کی تھی جس کے بعد امتحانی نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھے تھے.



