ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاویدکاگندم خریداری مرکز کا اچانک دورہ

دیپالپور(وسیم احمد غوری/جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے گندم خریداری مرکز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے باردانہ کی تقسیم کے لیے جاری رجسٹریشن کے عمل کو چیک کیا جبکہ ڈی ایف سی محمد محسن گجر نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ خریداری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور باردانہ کی تقسیم "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے خریداری مرکز پر کسانوں کے لیے سایہ، بیٹھنے کے انتظام اور دیگر سہولیات کو بہتر بنانے کے بھی احکامات جاری کیے۔ احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ گندم خریداری کے عمل میں کسانوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنی چاہیے اور سرکاری نرخ کے مطابق ادائیگی میں کسی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خریداری مراکز میں کسانوں کو سہولیات کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔



