چین میں ماں بچے کو سست روی پر سبق سکھانے کیلئے پولیس اسٹیشن لے گئی

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)کیا آپ کا بچہ اسکول کا کام سست روی سے مکمل کرتا ہے؟ اگر ہاں تو کیا آپ اسے پولیس کے پاس لے جائیں گے؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر چین میں ایک ماں نے کچھ ایسا ہی کیا۔
چین کے صوبے Zhejiang میں ایک بچے کو ذمہ داری کے ایک غیر متوقع سبق کا سامنا ہوا۔
چینی میڈیا کے مطابق بچے کی ماں اسے پولیس اسٹیشن لے گئی کیونکہ وہ بچہ اپنا اسکول کا کام ہمیشہ بہت تاخیر سے مکمل کرتا تھا۔
شیاؤنگ نامی خاتون نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ اس کا بیٹا (اس کی عمر 9 سے 10 سال تھی) ہمیشہ اپنا اسکول کا کام بہت سست روی سے مکمل کرتا ہے۔
تو اس سے پریشان ہوکر ماں نے بیٹے کو چیلنج دیا کہ اگر اس نے اسکول کا کام شام 6 بجے تک مکمل نہیں کیا تو وہ اسے پولیس اسٹیشن لے جائے گی۔
بچے نے اس شرط کو قبول کرلیا۔
مگر جب ماں شام 5 بجے گھر آئی تو اس نے دیکھا کہ بیٹا ٹی وی دیکھتے ہوئے نوڈلز کھا رہا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ اسکول کا کام لگ بھگ مکمل ہوچکا ہے۔
مگر 6 بجے ماں کو معلوم ہوا کہ اس نے صرف چند الفاظ ہی تحریر کیے تھے۔
ماں بیٹے کو قریبی پولیس استیشن لے گئی اور وہاں موجود ایک اہلکار کے سامنے صورتحال کی وضاحت کی۔
پولیس اہلکار نے مسکراتے ہوئے بچے کو اسکول کا کام پولیس اسٹیشن میں مکمل کرنے کی اجازت دی۔
حیران کن طور پر بچے نے پورا کام ایک گھنٹے کے اندر مکمل کرلیا جبکہ گھر میں وہ ایسا گھنٹوں میں کرتا تھا۔
ماں کے مطابق پولیس اہلکار بہت اچھے تھے اور انہوں نے اس ‘کیس’ کو اچھے طریقے سے ہینڈل کیا اور بیٹے نے شرمندہ چہرے کے ساتھ ایک لفظ بھی نہیں بولا۔
خاتون نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد اب ان کا بیٹا گھر میں اسکول کا کام زیادہ تیزی سے مکمل کرنے لگا ہے۔



