پولیو مہم کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کی ضرورت ہے,ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ( جاوید لطیف میمن )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت آئندہ انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں محکمہ صحت ، پولیس ، تعلیم ، لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران گزشتہ پولیو مہم میں پیش آنے والے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پڑوسی ضلع سجاول میں پولیو کیس سامنے آنے کے باعث اس بار مہم کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران کسی بھی قسم کا خلا برداشت نہیں کیا جائے گا اور سابقہ کوتاہیوں کو ہرگز دہرایا نہ جائے ، بصورت دیگر متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ سرمد علی بھاگت نے ٹیموں کی مؤثر تربیت ، بارڈر ایریاز پر خصوصی توجہ اور فیلڈ میں سخت نگرانی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر مہم کی نگرانی کریں اور مسائل کو موقع پر ہی حل کریں تاکہ مہم کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اجلاس میں پولیو ورکرز کی کمی کو پورا کرنے اور ان کی تربیت کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ پولیو ورکرز کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے اور انہیں منظم انداز میں ایک مقام سے اپنی ذمہ داریوں کے لیے روانہ کیا جائے – انہوں نے رفیوزل کیسز کے مؤثر حل اور عوامی آگاہی بڑھانے پر بھی زور دیا۔ سوشل ویلفیئر افسران کو انہوں نے ہدایت کی گئی کہ وہ این جی اوز کو مہم کے دوران بھرپور تعاون کا پابند بنائیں ۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ مقررہ ہدف ہر صورت حاصل کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مہم کی کامیابی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

مزید خبریں

Back to top button