استنبول کے قریب بحیرۂ مرمرا میں 2 ترک بحری جہاز ٹکرا گئے، امدادی کارروائیاں جاری


استنبول (ویب ڈیسک) ترکیہ کے شہر استنبول کے قریب بحیرۂ مرمرا میں 2 ترک پرچم بردار کمرشل جہاز آپس میں ٹکرا گئے، حادثے کے بعد ایک جہاز اور اس پر سوار 10 رکنی عملے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ترک حکام کے مطابق حادثہ استنبول کے علاقے سیلیوری کے جنوب میں پیش آیا۔ تصادم کے بعد حکام کا ایک جہاز اور اس کے 10 رکنی عملے سے رابطہ قائم نہیں ہوسکا، جس کے بعد تلاش اور امدادی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے جہاز کو ابتدائی جائزے کے مطابق بظاہر کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ترک کوسٹ گارڈ کے جہازوں اور ہیلی کاپٹر کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کردیا گیا۔
ترک حکام کی جانب سے لاپتا جہاز اور اس کے عملے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔