سعید اجمل کا پی سی بی پر سخت ردعمل، عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سابق قومی کرکٹر اور اسٹار اسپنر سعید اجمل نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں حالیہ بڑے پیمانے پر تبدیلیوں اور انتظامی فیصلوں پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سعید اجمل نے کہا کہ دنیا پاکستان کا مذاق اڑا رہی ہے کہ میچ ختم ہوتے ہی کھلاڑیوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے، جو ایک غیر سنجیدہ طریقہ کار ہے۔
سابق اسپنر کے مطابق سیریز کے دوران ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں اتنی بڑی تبدیلیاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے فیصلے ٹور ختم ہونے کے بعد کیے جانے چاہئیں۔
سعید اجمل نے کہا کہ اگر امام الحق سے کوئی غلطی ثابت ہوتی ہے تو انہیں سخت سزا ملنی چاہیے تاکہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے بھی مثال قائم ہو۔
انہوں نے عاقب جاوید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو کوچنگ سے ہٹا دیا گیا لیکن مائیک ہیسن کو برقرار رکھا جارہا ہے، جبکہ وائٹ بال کرکٹ میں مائیک ہیسن نے کیا نتائج دیے ہیں؟ سعید اجمل نے مطالبہ کیا کہ عاقب جاوید کو بھی ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کیں۔ سات کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے ساتھ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔



