ای چالان نادہندگان کے خلاف بڑا فیصلہ، ادائیگی کے بغیر گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر بند

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) ای چالانز ادا نہ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ای چالانز کی ادائیگی کے بغیر گاڑی کی رجسٹریشن، ٹرانسفر سمیت ایکسائز کی کوئی بھی ٹرانزیکشن نہیں ہوسکے گی۔

ٹریفک پولیس ای چالانز کے نادہندگان کی فہرستیں محکمہ ایکسائز کے ساتھ شیئر کرے گی، جبکہ تمام ڈیفالٹرز کا ڈیٹا محکمہ ایکسائز کے نظام کے ساتھ انٹیگریٹ کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق وارڈنز کی جانب سے جاری کیے گئے چالان موقع پر وصول کرلیے جاتے ہیں، تاہم شہری ای چالانز بروقت ادا نہیں کرتے، جس کے باعث اربوں روپے کے واجبات وصول ہونا باقی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ای چالانز کی ادائیگی تک ٹریفک پولیس کے ساتھ ساتھ ایکسائز کی سروسز بھی فراہم نہیں کی جائیں گی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے محکمہ ایکسائز کے ٹوکن ٹیکس کی وصولی بھی کی جائے گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے مطابق ون ایپ کے ذریعے ٹوکن ٹیکس وصولیوں کے لیے جلد محکمہ ایکسائز کو لاگ اِن اور پاس ورڈ جاری کیے جائیں گے۔

ای چالانز کی وصولی کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے محکمہ ایکسائز کو باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button