تھرپارکر،خود کو آگ لگانے والا ڈاکٹر کراچی اسپتال میں دم توڑ گیا

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر میں مافیا کے راج نے تباہی مچا رکھی ہے۔ گزشتہ روز تبادلوں کی ذلت سے تنگ آ کر اسلام کوٹ میں پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹر راول میگھواڑ نے میہاری روڈ پر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ انہیں اسلام کوٹ کے اسپتال منتقل کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں کراچی کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ گزشتہ روز دوپہر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
ڈاکٹر راول کی عمر 35 سال تھی۔ ان کے بھائی کے مطابق انہیں پہلے بھی تقریباً 20 بار مختلف مقامات پر تبادلہ کیا جا چکا تھا، اور تین دن قبل دوبارہ تبادلے کا کہا گیا، جس کے صدمے میں آ کر انہوں نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔
تھرپارکر میں ناانصافیوں اور حق تلفیوں کی صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ پڑھے لکھے ڈاکٹر بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ منتخب نمائندے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تماشائی بنے ہوئے ہیں، اور کسی غریب کی کوئی داد رسی نہیں ہو رہی۔



