مغرورہوں نہ ہی شاہ رخ اورٹام کروز،فہدمصطفیٰ
فہد مصطفیٰ نے ایک بار پھر طنزیہ انداز میں عتیقہ اوڈھو سے معافی مانگ لی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)نامور پاکستانی اداکار وٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ میں مغرور نہیں ہوں اور نہ ہی ٹام کروز یا شاہ رخ خان ہوں البتہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے زیادہ مقبول ہوں۔فہد مصطفیٰ کو مقبول گیم شو جیتو پاکستان کی میزبانی کے باعث بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ میں مغرور نہیں ہوں، میں بس اتنا سمجھدار ہوں کہ مجھے معلوم ہے کہاں کھل کر بات کرنی ہے اور کہاں خود کو محدود رکھنا ہے اور اگر لوگ اسے غرور سمجھتے ہیں تو سمجھیں،یہ میرا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے لگے کہ میری اور سامنے والے کی ویو یا ماحول نہیں مل رہا تو میں خاموش ہو جاتا ہوں لیکن کبھی میں لوگوں کے ساتھ آسانی سے گھل مل جاتا ہوں اور کبھی نہیں، لوگ مجھے جانتے ہیں لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ میں نظر انداز ہو جاتا ہوں۔
ٹی وی میزبان نے کہا کہ میں اکثر تقریبات میں نہیں جاتا کیونکہ لوگ پہچان لیتے ہیں اور پھر وہ ایک مسئلہ بن جاتا ہے جب کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں ٹام کروز یا شاہ رخ خان ہوں، لیکن کبھی کبھی لوگوں سے ملنا تھکا دینے والا ہو جاتا ہے، ہر وقت آپ اچھے نہیں لگتے اور لوگ تصویریں بھی لے لیتے ہیں جو اکثر اچھی نہیں آتیں۔



