اداکارہ ہنسیکا موٹوانی اور بزنس مین سہیل کھٹوریا کے درمیان باہمی رضامندی سے طلاق ہوگئی

ممئی(جانوڈاٹ پی کے)ممبئی باندرہ فیملی کورٹ میں اداکارہ ہنسیکا موٹوانی اور بزنس مین سہیل کھٹوریا کے درمیان باہمی رضامندی سے طلاق ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ ہنسیکا موٹوانی اور سہیل کھٹوریا نے باہمی طے شدہ شرائط پر شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

2025 سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ دونوں اب ساتھ نہیں رہتے، ہنسیکا والدہ کے پاس منتقل ہوگئی تھیں جبکہ سہیل اپنے خاندان کے ساتھ رہ رہے تھے۔

شادی کے بعد جوڑا ابتدا میں سہیل کے خاندانی گھر میں رہا اور بعد میں اسی عمارت کے ایک (فلیٹ) میں منتقل ہو گیا تھا۔ جب علیحدگی کی خبریں پہلی بار منظرِ عام پر آئیں تو سہیل نے میڈیا کو بتایا کہ یہ سچ نہیں ہے لیکن مزید سوالات کا جواب نہیں دیا جبکہ ہنسیکا نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔

ہنسیکا نے اپنے انسٹاگرام سے شادی کی تمام تصاویر ہٹا دیں، سہیل کو ان فالو کر دیا اور پلیٹ فارم پر اپنے نام کی اسپیلنگ بھی تبدیل کر دی جواب میں سہیل نے بھی انہیں ان فالو کر دیا اور اپنا اکاؤنٹ پرائیویٹ کر لیا۔

اداکارہ نے سالگرہ کے دن پوسٹ میں لکھا تھا کہ اس سال نے انہیں وہ سبق سکھائے جو انہوں نے مانگے نہیں تھے اور وہ طاقت دی جس کا انہیں اندازہ نہیں تھا لیکن اب ان کا دل مطمئن اور روح پرسکون ہے۔

ہنسیکا اور سہیل نے 4 دسمبر 2022 کو جے پور کے منڈوٹا قلعے میں شادی کی تھی، سہیل نے اسی سال پیرس میں ایفل ٹاور کے نیچے ہنسیکا کو پروپوز کیا تھا۔

شادی سے پہلے بھی یہ رشتہ تنازعات کا شکار رہا تھا کیونکہ سہیل کی سابقہ بیوی رنکی بجاج، ہنسیکا کی قریبی دوست تھیں۔ جب ہنسیکا کی رنکی کی شادی میں بطور ’برائیڈز میڈ‘ شرکت کی پرانی ویڈیوز دوبارہ سامنے آئیں، تو سوشل میڈیا پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اس وقت سہیل نے ہنسیکا کا دفاع کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ان کی پہلی شادی ٹوٹنے میں ہنسیکا کا کوئی ہاتھ نہیں تھا اور ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button