خیرپور ناتھن شاہ: امن و امان کی خراب صورتحال کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا دھرنا، پولیس کی یقین دہانی پر ختم

دادو(عابد ببر نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)خیرپور ناتھن شاہ میں بڑھتے ہوئے جرائم اور امن و امان کی خراب صورتحال کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی کال پر علمدار چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرین نے دھرنے کے دوران “امن و امان بحال کرو، شہر بچاؤ” کے نعرے لگائے اور شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

دھرنا تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا، جس کے بعد ڈی ایس پی اور ایس ایچ او خیرپور ناتھن شاہ دھرنے کے مقام پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ اس موقع پر کامریڈ غلام محمد گاڈھی اور نثار لاکیر سمیت دیگر رہنماؤں نے شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کے بارے میں پولیس حکام کو آگاہ کیا۔

پولیس حکام نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ شہر میں جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے گا، گشت بڑھایا جائے گا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

پولیس کی یقین دہانی کے بعد دھرنا پرامن طور پر ختم کردیا گیا۔ دھرنے کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پولیس کو عید تک کا وقت دیا گیا ہے، اگر اس دوران امن و امان کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو دوبارہ احتجاجی تحریک شروع کرتے ہوئے دھرنا دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button