آئمہ بیگ کی ’سنگل‘پوسٹ نے مداحوں کو چونکادیا،ازدواجی زندگی پرسوالات اٹھنے لگے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) گلوکارہ آئمہ بیگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی نئی پوسٹ کے کیپشن میں صرف ایک لفظ ’’سنگل‘‘ لکھنے کے بعد ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔
آئمہ بیگ نے حال ہی میں ایک تقریب کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیں، تاہم مداحوں کی توجہ تصاویر سے زیادہ پوسٹ کے کیپشن ’’سنگل‘‘ پر مرکوز رہی۔
گلوکارہ کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا آئمہ بیگ اپنے شوہر زین احمد سے الگ ہوگئی ہیں یا دونوں کے درمیان طلاق ہوچکی ہے۔
تاہم اہم بات یہ ہے کہ آئمہ بیگ نے تاحال طلاق یا شوہر سے علیحدگی کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں بھی طلاق یا ازدواجی تعلق ختم ہونے کے حوالے سے کوئی واضح بیان نہیں دیا۔
یاد رہے کہ آئمہ بیگ اور زین احمد نے گزشتہ برس اگست میں کینیڈا میں ایک نجی تقریب کے دوران نکاح کیا تھا۔ دونوں شادی سے قبل بھی اپنے تعلق کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اظہار کرتے رہے ہیں۔
فی الحال گلوکارہ کی ’’سنگل‘‘ پوسٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، تاہم علیحدگی یا طلاق سے متعلق حتمی صورتحال آئمہ بیگ کے کسی باضابطہ بیان کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔



