معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی سنیما کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو جمعرات کی صبح گوا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر شدید سینے میں درد کے بعد بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کردی۔

رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کو شدید قلبی دورہ پڑا تھا، جبکہ اسپتال میں ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں سی پی آر کے ذریعے بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اداکار کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کی موت کو میڈیکو لیگل کیس کے طور پر درج کیا گیا ہے اور موت کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیے جانے کا امکان ہے۔

نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ہندی و مراٹھی سنیما کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے 1978 میں فلم گمن سے فلمی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں پرندہ، کرانتی ویر، اگنی ساکشی، خاموشی: دی میوزیکل، اب تک چھپن، ویلکم اور دیگر مقبول فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔

اداکاری کے علاوہ نانا پاٹیکر نے ہدایت کاری اور تحریر کے شعبے میں بھی کام کیا۔ انہیں تین مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ 2013 میں بھارتی حکومت نے انہیں پدم شری کے اعزاز سے بھی نوازا۔

نانا پاٹیکر کے انتقال پر بھارتی فلمی صنعت اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی کئی دہائیوں پر محیط فنی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button