بدین میں اے سی کوچز کے من مانے کرایوں نے مسافروں کو پریشان کردیا، حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ

بدین(رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ /پی کے)بدین سے کراچی سمیت مختلف روٹس پر اے سی کوچز کے من مانے کرائے، مسافر پریشان بدین مٹھی ننگرپارکر، نئون کوٹ، کلوئی، شادی لارج، کھوسکی، اسلام کوٹ اور نندو شہر سمیت مختلف روٹس پر چلنے والی اے سی مسافر کوچز کی جانب سے مبینہ طور پر من مانے اور مقررہ کرائے سے زائد وصولی، مسافروں کو غیرضروری مشکلات اور خواتین و مرد مسافروں سے مبینہ بدتمیزی کے واقعات معمول بن گئے ہیں شہریوں کے مطابق خصوصاً بدین سے کراچی تک سفر کرنے والے مسافروں سے مبینہ طور پر زبردستی 1600 روپے فی کس کرایہ وصول کیا جا رہا ہے، جو عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بدین میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کے متعلقہ حکام اور عملہ متعدد شکایات کے باوجود روٹس پر چلنے والی اے سی کوچز کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی نہیں کر رہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز مبینہ طور پر اپنی مرضی کے کرائے وصول کرنے میں آزاد ہیں۔ تاہم متعلقہ حکام یا ٹرانسپورٹرز کا مؤقف سامنے نہیں آ سکا
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ کے کرائے فوری بڑھا دیے جاتے ہیں، لیکن ایندھن سستا ہونے کے باوجود کرایوں میں کمی نہیں کی جاتی، جو غریب اور متوسط طبقے کے مسافروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے بدین کے شہریوں نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، ڈپٹی کمشنر بدین، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور متعلقہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سرکاری کرایہ نامہ نافذ کرایا جائے، زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور مسافروں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔



