’’آئینہ دیکھیں اور ذمہ داری قبول کریں‘‘جیسن گلیسپی کا عاقب جاوید پر شدید وار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان ریڈ بال ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے قومی کرکٹ ٹیم کی موجودہ صورتحال پر چیف سلیکٹر عاقب جاوید کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’آئینہ دیکھنے‘‘ اور اپنی ذمہ داری قبول کرنے کا مشورہ دے دیا۔

جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم خوف کے ساتھ کھیل رہی ہے جبکہ ٹیم میں کوئی واضح سلیکشن حکمت عملی دکھائی نہیں دے رہی۔

سابق ہیڈ کوچ نے عاقب جاوید کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ اپنا فیصلہ بدلتے ہیں۔ عاقب جاوید گزشتہ دو سال سے چیف سلیکٹر ہیں، لیکن اس کے باوجود موجودہ صورتحال کی ذمہ داری گیری کرسٹن اور انہیں قرار دیتے ہیں۔

گلیسپی نے کہا کہ انہیں اور گیری کرسٹن کو پاکستان ٹیم سے گئے کافی عرصہ گزر چکا ہے، اس کے باوجود عاقب جاوید اب بھی موجودہ حالات کا ذمہ دار انہیں قرار دیتے ہیں۔ عاقب جاوید کو چاہیے کہ وہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری قبول کریں۔

سابق کوچ نے کھلاڑیوں اور عاقب جاوید کے درمیان رابطے کے فقدان کی بھی نشاندہی کی۔ ان کے مطابق برطرف کیے گئے بعض کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم سے علیحدگی کے فیصلے کا علم براہِ راست انتظامیہ سے نہیں بلکہ اہلخانہ، دوستوں اور میڈیا کے ذریعے ہوا۔

جیسن گلیسپی نے کھلاڑیوں کو براہِ راست آگاہ کیے بغیر برطرف کرنے کے طریقہ کار کو انتہائی بے عزتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کھلاڑی کو اس کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے کا علم دوسروں سے ہونا مناسب نہیں۔

گلیسپی کے سخت بیان نے پاکستان کرکٹ کی سلیکشن پالیسی، ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے کے طریقہ کار پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button